لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ارطغرل ڈرامے کی اردو ڈبنگ نے پاکستان میں دھوم مچا رکھی ہے، یکم رمضان المبارک سے سرکاری ٹی وی پر شروع ہونے والا یہ ڈرامہ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوز میں شامل ہوگیا۔ٹیوب فلٹر نامی ویب سائٹ کی جانب سے 11 سے 17مئی تک جاری رہنے والے ہفتے کے دوران سب سے زیادہ دیکھے جانے والے یوٹیوب چینلز کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست میں ٹی آر ٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی نامی پاکستانی یوٹیوب چینل کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ وہ چینل ہے جس پر ارطغرل ڈرامہ نشر کیا جاتا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان کا کوئی یوٹیوب چینل دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے 50چینلز میں شامل ہوا ہو۔ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ دیکھے جانے والے 50 چینلز کی فہرست میں سے 15 کا تعلق امریکہ اور 12کا بھارت سے ہے۔ارجنٹائن ، کینیڈا، فلپائن، روس اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 2،2 یوٹیوب چینلز اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔پاکستان، متحدہ عرب امارات، برازیل، مصر، اردن، جنوبی کوریا، نیدرلینڈز، پوٹرو ریکو، رومانیہ، تھائی لینڈ، ترکی اور وینز ویلا کا ایک ایک چینل اس فہرست میں شامل ہے۔ٹاپ 50 چینلز کی فہرست میں ٹی آرٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی یوٹیوب چینل 49 ویں نمبر پر ہے۔ اس چینل کو 11 سے 17 مئی تک کے ہفتے کے دوران 11 کروڑ 71 لاکھ 51 ہزار 391 بار دیکھا گیا ۔ اسی ہفتے کے دوران چینل نے 14 لاکھ 40 ہزار نئے سبسکرائبرز بھی حاصل کیے۔21 مئی 2020 کے اعداد و شمار کے مطابق ٹی آر ٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی یوٹیوب چینل کو 35 لاکھ 20 ہزار سے زائد لوگ سبسکرائب کرچکے ہیں۔ یہ چینل 18 اپریل کو بنایا گیا تھا اور اب تک اس کو مجموعی طور پر 26 کروڑ 70 لاکھ 83 ہزار 819 بار دیکھا جاچکا ہے۔