ہمیں سیاسی نہیں قومی مفادات عزیز ہیں ،گورنر پنجاب

May 23, 2020

لاہور ( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خاں جو کہتے ہیں وہ کرکے بھی دکھاتے ہیں وہ ڈرتے نہیں۔ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ میں جن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا۔ موجودہ حکومت کی دو ٹوک پالیسی ہے کہ کسی بھی جرم میں ملوث شخص خواہ کتنا ہی مضبوط اور قریبی کیوں نہ ہو وہ سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ ہمیں سیاسی نہیں قومی مفادات عزیز ہیں ،کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وہ جمعہ کے روز سماجی کارکن چوہدری واجد محمود کی رہائش گاہ پر ایک ہزار غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب، سرور فاؤنڈیشن فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح اور ہنر گاہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ عید کے لئے مارکیٹوں اور بازاروں کے لئے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کورونا ختم ہوچکا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس میں مزید شدت آئے گی ۔دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا لاہور سے کراچی جانے والے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔