کوروناوائرس کے خوف نے عیدالفطر کومہندی کے رنگوں سے محروم کردیا

May 23, 2020

ملتان (اے پی پی) لاک ڈائون اوربیوٹی پارلرزکھلنے کے باوجود کوروناوائرس کے خوف نے عیدالفطر کومہندی کے رنگوں سے محروم کردیا۔عید کے موقع پرخواتین اورلڑکیاں مہندی بہت شوق سے لگواتی ہیں اور مہندی کے لیے نئے ڈیزائن بھی متعارف کروائے جاتے ہیں۔ یہ مہندی گھروں میں بھی لگائی جاتی ہے اور بازاروں میں بھی بیوٹی پارلرز اور مینابازاروں میں مہندی کے سٹالز لگائے جاتے ہیں۔مہندی لگاتے ہوئے چونکہ سماجی فاصلہ رکھنا ممکن نہیں ہوتا اور مہندی لگانے کے لیے ہاتھوں کو چھونا بھی پڑتا ہے اس لیے اس مرتبہ مارکیٹ میں مہندی کاکاروبار عید کے موقع پر بری طرح متاثرہوا ہے۔۔ملتانکے بیوٹی پارلر کے مالک افسر حسین عابدی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اس مرتبہ مہندی کارجحان نہ ہونے کے برابر ہے۔عید شاپنگ بھی بہت تاخیر سے شروع ہوئی انہوں نے کہاکہ میں مہندی کے ایک ہزار سے زیادہ ڈبے منگوایا کرتاتھا لیکن اس مرتبہ میں نے ایک چوتھائی سامان منگوایا ہے اور جو صورتحال ہے اس میں مجھے لگتا ہے کہ یہ بھی زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہاتھوں پردستانے پہن کرتو مہندی لگانا ممکن ہی نہیں ۔دوسری جانب بچیاں بھی مہندی لگوانے سے گریز کررہی ہیں۔