عید پر بلاتعطل بجلی فراہم کی گئی‘ آئیسکو چیف

May 28, 2020

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) آئیسکو نے ہمیشہ اپنے صارفین کو بہترین سروسز فراہم کرنے کی کوشش کی‘ آئیسکو صارفین نے بھی ان کاوشوں کو سراہا۔ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شدید گرمی اور کورونا کے خطرات کے باوجود آئیسکو نے اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی اور بعض انفرادی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آئیسکو شاہد اقبال چوہدری نے ایک پیغام میں کیا۔ اُنہوں نے افسران اور عملہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے جس نے ہمیشہ ہر حالات میں بہترین نتائج دیئے۔ آئیسکو چیف نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات میں اضافہ ہو جاتا ہے تاہم ہم نے صارفین کے مسائل کو پیشہ ورانہ انداز میں سننا ہے اور کم سے کم وقت میں انکی شکایات کے ازالے کو ممکن بنانا ہے۔ آئیسکو چیف نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کمپلینٹ دفاتر کو مزید فعال بنایا جائے کیونکہ کمپنی اور صارفین کے مابین خوشگوار تعلق قائم رکھنے میں کمپلینٹ دفاتر کا کلیدی کردار ہوتاہے۔