• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرینکفرٹ تا دہلی پرواز سے ہائی جیکنگ کوڈ جاری، جے پور میں ہنگامی لینڈنگ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی کی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2030ء کو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ اور بم کی افواہ کے بعد ہنگامی طور پر جے پور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فرینکفرٹ دہلی کی پرواز میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب طیارہ بھارتی فضائی حدود میں راجستھان پر پرواز کر رہا تھا اور طیارے نے کچھ دیر بعد نیو دہلی ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا، صبح 9 بجے احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرولر کو پرواز سے طیارہ ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی کوڈ 7500 موصول ہوا۔

طیارے کے ہائی جیکنگ الرٹ کے باعث ہنگامی صورتِ حال کا اعلان کیا گیا، بھارت بھر کی سیکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ ہو گئیں۔ 

دہلی ایئر پورٹ وار روم نے احتیاطی طور پر پرواز کو فوری طور پر جے پور کی طرف موڑ دیا۔

بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے نے بدھ کی صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔

طیارے کو لینڈنگ کے فوراً بعد ایئر پورٹ کے ایک مخصوص آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا گیا، سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت تمام مسافروں اور عملے کو باحفاظت اتار لیا گیا۔

سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔

فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں 250 مسافر سوار تھے۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی الرٹ پائلٹ سے غلطی سے دبنے والے ایک بٹن کی وجہ سے جاری ہوا تھا۔

پائلٹ نے نادانستہ طور پر یہ بٹن دبا دیا تھا، جس نے تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا، کچھ افواہوں میں اسے بم کی دھمکی بھی قرار دیا جا رہا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید