• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مانگی ڈیم، کمیشن کی شہدا کے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے کی ہدایت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سانحہ مانگی ڈیم زیارت کے انکوائری کمیشن نے ہائی کورٹ کوئٹہ میں سماعت کی اور شہدا کے موبائل فونز کو فرانزک تجزیے کےلیے سی ٹی ڈی کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔

کیس کی سماعت جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل انکوائری کمیشن نے کی اور موبائل فونز سے تمام تلف شدہ ڈیٹا ریکور کرنے کی ہدایت کی۔

کمیشن نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کی کچھ ذمے داریاں لگائی گئیں تھیں، ان کا کیا بنا؟

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ سول اسپتال میں شہدا کے موبائل چوری کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان میں 2 شہدا کے رشتہ دار جبکہ تیسرا دکاندار ہے جسے موبائل بیچا گیا۔

دوران سماعت آئی او کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور ان کے ریمانڈ سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔

کمیشن نے کہا کہ اب یہ چیزیں کلیئر ہوگئیں، ہم سمجھ رہے تھے شہدا کے موبائلز سے کسی نے ثبوت سے متعلق ویڈیو تلف کی ہے۔

اس پر وکیل نے کہا کہ ابھی بھی یہ بات کلیئر نہیں کہ کوئی ویڈیو یا تصویر ڈیلیٹ کی گئی ہو۔

ایڈووکیٹ جنرل عبد الطیف کاکڑ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل فرید ڈوگر کمیشن کے روبرو پیش ہوئے جبکہ سانحہ زیارت کے شہدا کے لواحقین کے وکلا، پولیس افسران اور انوسٹی گیشن افسر بھی پیش ہوئے۔

دوران سماعت مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن پر حملے کے حوالے سے 2 گواہ بھی کمیشن کے روبرو پیش ہوئے، جن کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید