اداکار ہنی خان ڈیڑھ ماہ سے جاپان میں پھنسے ہوئے ہیں

May 29, 2020

پاکستان کے معروف اداکار ہنی خان جو معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی فلم ’جاپانیز کنکشن‘ کی شوٹنگ کے لیے جاپان پہنچے تھے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاپان میں پھنسے ہوئے ہیں اور چاہنے کے باوجود پاکستان واپس نہیں جا پارہے ہیں۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ہنی خان نے کہا کہ وہ اپنے حصے کی شوٹنگ مکمل کراچکے ہیں تاہم پاکستان جانے کے لیے فلائیٹس دستیاب نہ ہونے کے سبب اور پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث وہ تاحال جاپان میں ہی مقیم ہیں لیکن جیسے ہی حالات ٹھیک ہونگے وہ پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔

ہنی خان نے کہا کہ جاپان میں اپنے میزبان تویاما شہر کی معروف کاروباری شخصیت اشرف چہل سحارا کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی بہترین میزبانی کی ہے جبکہ تنویر جمال صاحب نے بھی کسی طرح کی مشکل نہیں ہونے دی۔

اس موقع پر تویاما شہر کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت اشرف سحارا نے کہا ہے کہ ہنی خان نے رمضان المبارک جاپان میں ہمارے مہمان کے طور پر گزرا ہے جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ ہنی خان نہ صرف بہترین فنکار ہیں بلکہ بہترین کردار کے انسان اور سچے عاشق رسول ﷺ بھی ہیں۔

اشرف چہل سحارا نے کہا کہ ہنی خان نے رمضان المبارک میں اپنی خوبصورت آواز میں بہترین نعت خوانی سے تویاما شہر میں مقیم پاکستانیوں میں جذبہ ایمانی کی نئی روح پھونک دی ہے اور ان کے ساتھ بہترین وقت گزرا ہے ، ہماری دعا ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر ہوں اور ہنی خان پاکستان جاکر اپنے شعبے میں پھر سے بہترین خدمات انجام دیں۔

اس موقع پر تنویر جمال نے کہا کہ ہنی خان کا کردار ہماری فلم میں بہت طاقت ور کردار ہے اُمید ہے قارئین کو پسند آئے گا ، تنویر جمال نے کہا کہ ہنی خان ماضی میں چھ بہترین فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں میڈم شمیم آراہ کے ساتھ ’دنیا ہے دل والوں کی‘ جس میں لیلی ان کی ہیروئن تھیں ، اس کے بعد ظہور گیلانی کی ہدایت میں بننے والی فلم’ مہندی‘ جس میں صاحبہ ان کے مد مقابل تھیں۔

تنویر جمال نے بتایا کہ اس دفعہ ان کی فلم میں ہنی خان منفی کردار میں بطور ولن اداکاری کررہے ہیں اور بہترین اداکاری کےجوہر دکھائے ہیں اُمید ہے قارئین کو پسند آئیں گے۔

تنویر جمال نے پاکستان میں کورونا کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے والے میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ خدارا احتیاط کریں کورونا سے ڈریں اور اپنے اہل خانہ کو بھی کورونا سے بچائیں اور حکومت کا ساتھ دیں ۔