باکسر ہارون خان کے صاحبزادے عبدالوسیع خان وفات پا گئے

July 05, 2020

بولٹن (نمائندہ جنگ) عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کا بھتیجا اور باکسر ہارون خان کے صاحبزادے عبدالوسیع خان پیدا ہوتے ہی انتقال کرگئے۔ نومولود بچے کی تدفین بولٹن کے مقامی قبرستان میں کردی گئی۔ اس موقع پر عامر خان کے والد سجاد خان نے اپنے ساتھ اظہار تعزیت کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا اور جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گو ان کا خاندان اس واقعہ پر نہایت ہی غمزدہ ہے مگر قانون قدرت کے سامنے کسی کا زور نہیں جو بھی اس دنیا فانی میں آیا اس نے ایک نہ ایک دن موت کا ذائقہ چکنا ہے اسی طرح نومولود عبدالوسیع خان بھی اپنی زندگی کی چند سانسیں لے کر ایک لمحہ کیلئے اس جہان میں آیا اور پھر اچانک واپس چلا گیا اللہ تعالیٰ کو بس یہی منظور تھا۔ انسان اس کی دی ہوئی ایک امانت ہے جب وہ چاہے واپس لے سکتا ہے اس پر سوائے افسوس کے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ نومولود کی اس اچانک وفات پر نارتھ ویسٹ کے مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنمائوں نے عامر خان اور دیگر فیملی سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہارون خان کو اس کا نعم البدل عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ تعزیت کرنے والوں میں رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی، کنزرویٹو مسلم فورم نارتھ ویسٹ کے چیئرمین راجہ محمد ادریس، علامہ مفتی نصیر اللہ نقشبندی، وزیراعظم پاکستان کے ایڈوائزر اور قریبی دوست انیل مسرت، راجہ افتخار احمد ایڈوکیٹ، راجہ ابرار عارف ایڈوکیٹ، سابق کونسلر راجہ انصار حسین، چوہدری عاشق علی، مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ کے سینئر نائب صدر راجہ فضل مجدد، نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری راجہ جلیل الرحمٰن، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بولٹن کے صدر راجہ محمد شفیق پوتا، پیپلزپارٹی بولٹن کے صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ، شیخ سلیم محی الدین ایڈوکیٹ، راجہ فرید خان، راجہ ظہیر خان، راجہ ظفر اقبال، اوورسیز ڈیولپمنٹ بزنس فورم کے چیئرمین چوہدری مسرت علی، مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق مینجر شیخ محمد یاسین، مسلم کانفرنس یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئرمین راجہ ریاض احمد بڑالوی، کونسلرز راجہ خرم رئوف، مدثر دین، راجہ محمد اقبال، راجہ محمد ایوب، ٹوری پارٹی کے راجہ عرفان خان، راجہ مظہر خان اور دیگر شامل ہیں۔