بھارت میں18سالہ ٹک ٹاکر اسٹار نے ڈپریشن کیوجہ سے خودکشی کرلی

July 07, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈپریشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کے دوران ایک اور چونکادینے والی خبر سامنے آ گئی۔ دہلی یونیورسیٹی کی 18 سال کی ایک لڑکی نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کر لی ہے۔ یہ لڑکی ٹک ٹاک کی بڑی اسٹار تھی اور اس کے اس ویڈیو پلیٹ فارم پر کئی فالوورز تھے۔ حالانکہ پولیس کو کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے، لیکن یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ حال ہی میں ٹک ٹاک پر لگی پابندی کے بعد یہ لڑکی کافی پریشان تھی۔ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق لڑکی کا مردہ جسم سب سے پہلے اس کے کزن نے دیکھا اور اسی نے سب سے پہلے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کو فیملی کے کچھ قریبی لوگوں نے بتایا ہے کہ یہ لڑکی گزشتہ تقریباََ دو تین ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھی اور شاید اسی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔یاد رہے کہ کچھ دنوں پہلے ہی ٹک ٹاک کی ہی ایک اسٹار سیا ککڑ نے خودکشی کر لی تھی۔ بھارت اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد حال ہی میں ملک میں 59 چینی ایپ پر پابندی لگائی گئی ہے۔ اس میں ٹک ٹاک بھی شامل ہے۔پچھلے کچھ عرصہ سے ٹی وی اور فلم صنعت سے وابستہ لوگوں میں ڈپریشن اور خودکشی کی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ ٹی وی اداکار منمیت گریوال نے اپنے گھر میں خودکشی کر لی تھی تو وہیں، کرائم پٹرول میں نظر آنے والی اداکارہ پریچھا مہتا نے اندور کے اپنے گھر میں اپنی جان لے لی۔ اسی کے ساتھ ہندی فلموں کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو اپنے ہی گھر میں خود کو پھانسی لگا لی تھی۔ اطلاعات کے مطابق، سشانت پچھلے چھ مہینوں سے ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔