بھارت نے کلبھوشن کیلئے قونصلر رسائی کی پاکستانی پیشکش قبول کر لی

July 16, 2020

بھارت نے پاکستان کی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے قونصلر رسائی کی پیشکش قبول کر لی۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالیا اسلام آباد میں دفترِ خارجہ پہنچ گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالیا نے پاکستانی سفارتی حکام کے ساتھ کلبھوشن یادیو کے لیے قونصلر رسائی کی تفصیلات طے کیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو نے اپنی سزا کے خلاف اپیل کو رد کر دیا تھا۔

اس بات کا انکشاف ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک زاہد حفیظ چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ بھارتی بحریہ کے زیرِ حراست افسر اور مبینہ جاسوس کلبھوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست دائر کرنے سے انکار کر دیا ہے ا ور اس کے بجائے اپنی زیرِ التوا رحم کی اپیل پر جواب کے انتظار کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کلبھوشن کو اپیل نہ کرنے کیلئے ڈرایا دھمکایا گیا، بھارتی وزارتِ خارجہ

پاکستان کا کلبھوشن یادیو کو آج پھر قونصلر رسائی دینے کا اعلان

کلبھوشن کو سہولت پہنچانے کیلئے نظرِثانی آرڈیننس جاری کیا گیا، رضاربانی

دوسری جانب پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس اورحاضر سروس نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو کی طرف سے اپنی سزائے موت کے فیصلے پر نظرِ ثانی درخواست دائر کرنے سے انکار پر بھارتی وزارتِ خارجہ نے ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو ایسا کرنے کے لیے ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزا کے خلاف نظرِ ثانی اپیل کی پیشکش کی گئی تھی۔