انگلینڈ میں مخصوص زمین پر تعمیرات کیلئے فوری اجازت دینے کا فیصلہ

August 05, 2020

لندن (سعید نیازی) انگلینڈ میں تعمیراتی اصلاحات کے بعد پلاننگ پرمیشن کے ’’سرخ فیتہ ‘‘ کا خاتمہ ہوگا اور نئے گھروں، ہسپتالوں، اسکولز اور شاپس کی تعمیر کیلئے اجازت کا طویل عرصہ تک انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ ہائوسنگ سیکرٹری رابرٹ جینرک نے یہ منصوبہ ایسے وقت میں پیش کیا ہے جب وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا سے تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے نئے گھروں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 5بلین پونڈ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ رابرٹ جینرک کے مطابق نئے قواعد کے مطابق زمین کو گروتھ، رینووئل اور پروٹیکشن کی کٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے اور رینووئل کیلئے مخصوص زمین پر تعمیر کی درخواست کو اصولی طور پر فوری منظور کرلیا جائے گا، انہوں نے یہ بات زور دے کر کی کہ ہم ریڈٹیپ کم کررہے ہیں معیار نہیں۔ بے گھر افراد کی بہبود کیلئے کام کرنےوالی چیرٹی شیلٹر نے اصلاحات کے حوالے سے انتباہ کیا کہ غیرمعیاری گھر تعمیر ہوسکتے ہیں جب کہ لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین جیمز جیمی سن نے کہا کہ یہ ایک مفروضہ ہے کہ گھروں کی تعمیر میں پلاننگ پرمیشن رکاوٹ ہے، کونسلیں ہر 10میں سے 9درخواستیں قبول کرلیتی ہیں اور گزشتہ دہائی میں اجازت ملنے کے باوجود ایک ملین سے زائد گھر تعمیر نہیں ہوئے، نئے منصوبے پر مشاورت کا آغاز آئندہ ہفتہ سے ہوگا۔