گھر میں اضافی اسٹوریج کیسے بنائی جائے؟

August 16, 2020

امریکا میں اوسط آمدنی رکھنے والے ہر فرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے پاس کم از کم 240گز کا گھر ہو جبکہ پاکستان میں ہماری آبادی کے ایک بڑے حصے کو 120گز کا گھر بھی میسر نہیں۔ مزید برآں، پاکستان میں دنیا کے کئی ملکوں کے مقابلے میں پیدائش کی شرح بھی زیادہ ہے، اس وجہ سے فی خاندان افراد کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ان تمام عوامل کے پیشِ نظر یہ بات ضروری ہوجاتی ہے کہ ہم جب بھی گھر بنوائیں، اس میں ہم اسٹوریج کے لیے خصوصی انتظامات کریں اور گھر کے ان کونوں اور جگہوں کو اسٹوریج کے لیے استعمال میں لائیں، جنھیں عموماً نظرانداز کردیا جاتا یا کسی استعمال میں نہیں لایا جاتا ہے۔

ہر گھر میں ہمیں ہمیشہ ہی اضافی جگہ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اگر بات کریں کسی ایسے گھر کی جسے آپ خریدنے جارہے ہوں یا پھر تعمیر کروانے کا ارادہ رکھتے ہوں تو پہلا خیال جو دماغ میں آتا ہے وہ یہ کہ گھرکا سامان کہاں رکھا جائے گا۔ کم رقبے پر تعمیر کیے گئے گھروں میں اسٹوریج کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ اگر آپ زمین خرید کر گھر بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ صرف گھر کی لمبائی اور چوڑائی کو ہی رقبہ تصور نہ کریں جس پر بیڈ رومز، لیونگ روم، کچن وغیرہ بنوا دیا جائے اور اسٹوریج کے لیے جگہ باقی نہ رہے۔

اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہمیں گھر کی چھت کی اونچائی پر بھی دھیان دینا چاہیے۔ اگر آپ اپنے لیے نیا گھر تعمیر کروارہے ہیں تو ہم آپ کو تجویز دیں گے کہ آپ گھر کی اونچائی پر بھی اتنی ہی توجہ دیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چھتیں اونچی رکھنے سے آپ گھر کی چیزیں رکھنے کے لیے اضافی جگہ پیدا کرسکتے ہیں اور اس طرح آپ محدود جگہ پر اپنے لیے شاندار گھر تعمیر کرسکتے ہیں۔

مزید برآں، آج کے جدید دور میں جب عالمی درجہ حرارت(گلوبل وارمنگ) میں اضافہ ہورہا ہے، اونچی چھتیں آپ کے گھر کو ٹھنڈا رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، جس سے آپ گرمیوں کے موسم میں توانائی کی بچت بھی کرسکتے ہیں۔ اونچی چھتوں کو شاندار طریقے سے سجانے اور ان کا موثر استعمال کرنے سے آپ کے گھر کی جمالیاتی خوبصورتی بڑھے گی۔

اسٹوریج کی جگہ

اونچی چھت کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں اسٹوریج کی زائد جگہ بن جاتی ہے۔ آپ چھت اور فرش کے درمیان اونچائی پر اسٹوریج کی جگہ بناکر اس میں ’ٹریپ ڈور‘ لگادیں۔ اس جگہ کو آپ اسٹور روم (دوچھتی)کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، ٹریپ ڈور کی وجہ سے دیوار میں وہ جگہ بُری بھی نہیں لگے گی۔

بِلٹ اِن اسٹوریج

بِلٹ اِن اسٹوریج گھر کا سامان رکھنے کے لیے نہ صرف انتہائی کارآمد ہے بلکہ آنے والے برسوں کا ایک مقبول ٹرینڈ بھی ہے۔ دوران تعمیر بلٹ اِن اسٹوریج کے لیے مختلف قسم کے آئیڈیاز پر کام کیا جاسکتا ہے مثلاً بلٹ اِن بک کیسز، شیلف، ماسٹربیڈروم فٹڈ کلوزٹ، پینٹری، گیراج ٹول اسٹوریج وغیرہ۔ بلٹ اِن اسٹوریج کا اہم فائدہ جگہ کا بہترین استعمال اور منظم ترتیب ہے۔ بلٹ اِن وارڈروب ہوں یا بلٹ اِن یونٹ، یہ دونوں ہی گھر کے ہر حصے میں زیادہ اشیا محفوظ کر نے کا سب سے آسان طریقہ تصور کیے جاتے ہیں، لہٰذا دوران تعمیر ہی ان یونٹس کی تعمیر پر غور فائدے مند ثابت ہوگا۔

بلٹ اِن وارڈروب: مناسب الماری کی تلاش ایک مشکل امر ہے، اگر یہ بڑی خریدلی جائے تو کمرے کا زیادہ حصہ گھر جاتا ہے اور اگر چھوٹی خریدی جائے تو کپڑے رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ماہرین تعمیر ات دیوارمیں الماری بنانے پر زور دیتے ہیں۔ بلٹ اِن وارڈروب حجم میں بڑی ہونے کے باعث عام الماریوں سے تین گنا زیادہ اسٹوریج فراہم کرتی ہے۔

بلٹ اِن یونٹ: دوران تعمیراسٹوریج کی اضافی جگہ حاصل کرنے کے لیے وارڈروب کی طرح بلٹ اِن یونٹ کی تعمیر پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ یہ یونٹ الماریوں کے برعکس کسی چوڑی دیوار کے بجائے کم جگہ پر بھی تعمیر کروائے جاسکتے ہیں مثلاً کتابوں کے شوقین افراد گھر کے مختلف حصوں میں لائبریری یونٹ تعمیر کرواسکتے ہیں۔ بلٹ اِن یونٹ کو فرش سے چھت تک یا پھر اوپری یا نچلی دونوں سطح میں سے کسی ایک پر بنوایا جاسکتا ہے۔ بلٹ اِ ن یونٹ اسٹڈی روم یا لائبریری کے علاوہ بالکنی یا پھر گھر کی اینٹرنس پر بھی تعمیر کروائے جاسکتے ہیں۔

اسٹیئرکیس اسٹوریج

گھرمیں کئی جگہیں ایسی ہوتی ہیں، جن پر تھوڑی سی توجہ ایک طرف گھر کو نیا اسٹائل دے سکتی ہے تو دوسری جانب اسٹوریج ایریا میں بھی اضافہ کرسکتی ہے۔ زیادہ تر گھروں میں سیڑھی کے نچلے حصے میں بہت سی جگہ خالی رہتی ہے، لہٰذا یہاںاپنی مرضی کے مطابق اشیا رکھنے کی جگہ بنانا ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوسکتا ہے۔ سیڑھی کے نچلی حصے کی چوڑائی اور لمبائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہاں لکڑی کا بُک شیلف یاشوپیس شیلف تعمیر کروادیں، ایسا کرنے سے زینے کے نیچے کی جگہ بےترتیبی اور خالی پن سے محفوظ رہے گی۔

لاؤنج یا بیسمنٹ اسٹوریج

بیسمنٹ میں بھی اسٹوریج ایریا بنایا جاسکتا ہے۔ بیسمنٹ کی دیواروں پر خوبصورت اسٹائل میں شیلف بنوالیں،جو نہ صرف آپ کو اسٹوریج کی جگہ فراہم کرے گا بلکہ بیسمنٹ کو بھی ایک نیا انداز دے گا۔ واضح رہے کہ کھلے شیلف بند ہونے والے شیلف سے کم جگہ لیتے ہیں مگر ان کی صفائی کا زیادہ دھیان رکھنا پڑتا ہے۔