برصغیر کا مقبول کھیل کھوکھو

September 22, 2020

قدیم زمانے میں مہاراشٹر انڈیا سے شروع ہونے والا کھیل کھو کھو "رتھ" یارتھوں پر کھیلا جاتا تھااوراسے رتھرہ کے نام سے جانا جاتا تھا ۔ کھیل کی موجودہ شکل 1914 میں پہلی جنگ عظیم سے اختیار کی گئی لیکن اس وقت کھو کھو کے کھیل کے کوئی خاص اصول اور حدود مقرر نہیں تھے ۔پونے کے دکن جیمخانہ کلب نے کھو کھو کے کھیل کے اصولوں کا پہلا مسودہ تیار کیا اور سال 1923-24 میں انٹر اسکول اسپورٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھی اور کھو کھو کو اسکول کے بچوں میں مقبول بنانے اور متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ۔1959-60 میں آندھرا پردیش کے وجے واڑہ میں پہلی بار آل انڈیا کھو کھو چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

جبکہ 1960-61میں مہاراشٹر کے شہر کوہلا پور میں پہلی خواتین کھو کھو چیمپئن شپ کھیلی گئی ۔کھو کھو کو پہلی بار نئی دہلی میں ہونے والے 1982 کے ایشین گیمز میں نمائشی میچ کے ذریعہ نمایاں کیا گیا جسے ایشین گیمز میں حصہ لینے والے ملکوں نے بہت سراہا۔ اس کھیل کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ایک کھلاڑی میں رفتار، طاقت ،برداشت ،لچک ،چستی ،اور اعصابی کوآرڈینیشن جیسی خصوصیات کی ضرورت ہوتی ہے جس کیلئے کھلاڑی کو اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھنا ہوتا ہے۔

کھو کھو کی پہلی ایشین چیمپئن شپ مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ہوئی تھی اسکے بعد سنہ ُ2000 میں بنگلادیش کے شہر ڈھاکہ میں دوسری ایشین چیمپئن شپ کھیلی گئی جبکہ تیسری چیمپئن شپ اپریل 2016 میں مد ھیہ پردیش اندور میں ہوئی۔اسی طرح انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز کے میچز جنوری ،فروری 2017 میں ممبئی ،راجھستان اور نئی دہلی کے مختلف مقامات پر کھیلے گئے تھے ۔1999 میں ایشین کھو کھو فیڈریشن کا قیام ساوُتھ ایشین گیمز کے تیسرے ایڈیشن کے دوران کیا گیا تھا رکن ممالک میں پاکستان ،بھارت ،سری لنکا ،بنگلادیش ،مالدیپ ،نیپال شامل ہیں ۔کھو کھو کو 2016 میں انڈیا کے شہر گوہاٹی میں ہونے والے12 ویں ساوُتھ ایشین گیمز میں شامل کیا گیا اس کا تمام تر سہرا ایشین کھو کھو فیڈریشن کے صدر اور انڈیا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل راجیو مہتا کے سر جاتا ہے ۔

12 ویں ساوُتھ ایشین گیمز میں پاکستان کھو کھو کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا ، کھو کھو کا ایک میچ دو اننگز پر مشتمل ہوتا ہے جس میں ہر اننگز 9 منٹ کی ہوتی ہے ایک ٹیم بارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ نو کھلاڑی گراوُنڈ میں اترتے ہیں تین تین کھلاڑیوں کے تین گروپ ہوتے ہیں ایک ٹیم لگاتار 8 مڈل کورٹس میں گھٹنوں کے بل بیٹھتی ہے اور ایک کھلاڑی رنر ہوتا ہے۔

کھو کھو کھیل کا میدان مستطیل ہوتا ہے اسکی لمبائی 16×27 میٹر ہوتی ہے ۔ان دو مستطیلوں کے وسط میں دو پول ہوتے ہیں ۔مرکزی لین کے طول و عرض 24×30 سینٹی میٹر ہوتا ہے اس میں آٹھ کراس لائنز ہوتی ہیں۔عموماًفیلڈ کی مخالف سمت پر دو ریفری کھڑے ہوتے ہیں دونوں کے پاس اسٹاپ واچ ہوتی ہے۔