اجناس ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی، کمشنر کراچی

October 26, 2020

کراچی ( جنگ نیوز ) کمشنر کراچی ڈاکٹر سہیل راجپوت نے اشیائے صرف کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کیلئے بلائے گئے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجنا س حد سے زیادہ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی- سندھ فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، کمشنرٹاسک فورس میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ دودھ میں ملاوٹ، ناپ تول کو چیک کرے- اشیائے ضرورت کو صارفین کی دسترس میں رکھنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں - اس موقع پر صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ، ایمنٹی کمیٹی کے چیئرمین عمران شہزاد، ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی، ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز ہیڈ کوارٹر بھی موجود تھے- کمشنر کراچی نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا وجہ ہے کہ تمام چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے- کیا طلب اور رسد کا فرق ہے یا پھر منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ہورہی ہے- انہوں نے اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود روزانہ کی بنیا دپر قیمتوں کو چیک کریں اور منافع خوروں پر نہ صرف جرمانہ کریں بلکہ ان کو جیل بھی بھیجا جائے- کمشنر کراچی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کمشنر ٹاسک فورس کی فوری بحالی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس میں صارفین تنظیمیں اور میڈیا نمائندے بھی شامل ہیں تاکہ پرائس چیکنگ کو موثر بنایا جاسکے کیونکہ اکثر شکایات آتی ہیں کہ جرمانے کی رقم ادھر ادھر ہوجاتی ہے جس سے منافع خوروں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے بتایا کہ کئی ماہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کی ایک و جہ یہ بھی ہے کہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی نہیں ہورہی - دودھ نہ صرف ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری مل رہا ہے بلکہ ناپ تول میں بھی ہیراپھیری ہورہی ہے- دکانوں پر پرائس لسٹ نہیں لگائی جارہی - ضرورت اس امر کی ہے کہ صارفین کی داد رسی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔