لاہور میں کار ڈرائیور ٹریفک وارڈن کو ٹکر مار کر ساتھ لے گیا

November 28, 2020

لاہور کی جیل روڈ پر کالے شیشوں والی کار نے ٹریفک وارڈن کو ٹکر مار دی، ٹریفک وارڈن جمپ لگا کرکار کے بونٹ پر لیٹ گیا، کار ڈرائیور اسی حالت میں تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی بھگاتا رہا، کچھ دور جا کر کار ڈرائیور نے زیگ زیگ کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن کو سڑک پر پھینک دیا اور فرار ہوگیا۔

لاہور کی مصروف ترین شاہراہ جیل روڈ، جہاں ٹریفک وارڈن نے کالے شیشوں والی کارکو رُکنے کا اشارہ کیا، کار ڈرائیور نے گاڑی ٹریفک وارڈن پر چڑھانے کی کوشش کی، ٹریفک وارڈن نےجان بچانے کے لیے جمپ لگا دی اور کار کے بونٹ پر لیٹ گیا۔

سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے بننے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ کار ڈرائیور اسی حالت میں تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی بھگارہا ہے، کچھ دور جاکر کار ڈرائیورنے زیگ زیگ کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن کو سڑک پر پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔

خوش قسمتی سے وسیم نامی وارڈن زخمی ہونے سے بچ گیا، پولیس نے وارڈن کی مدعیت میں نامعلوم کار مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے کار کی تلاش شروع کردی۔

سی ٹی او سید حماد عابد کہتے ہیں کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔