تحریک کشمیرناروے کی بھارتی سفارتخانے کو یادداشت

January 15, 2021

ناروے(پ ر) یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر تحریک کشمیر یورپ ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی اور تحریک کشمیر یورپ کے مرکزی نائب صدر میاں محمد طیب نے بھارتی سفارت خانے ناروےمیں ایک یادداشت پیش کی اور بھارتی حکومت کو یاد دہانی کرائی کہ بھارت 5جنوری 1949کو اقوام متحدہ میں منظور کی گئی قرارداد پر عمل درآمد کرے، بھارت نے پوری دنیا کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے گا لیکن70 سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا بھارت نے اپنے وعدوں اور عالمی معاہدوں پر عمل نہیں کیا، یادداشت میں واضح کیا گیاکہ5 اگست 2019کو جو بھارت نے کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے اس کے خلاف پوری دنیا میں شدید رد عمل سامنے آیا ،بھارت نے انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ، لاک ڈائون کرکے کشمیریوں کیلئے مشکلات پیدا کیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ،کشمیری بھارت کے کسی بھی غیر قانونی اقدام کو تسلیم نہیں کرتے، بھارت کو ایسے ہتھکنڈے بند کر کے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر توجہ دینی چاہئے تاکہ خطے میں امن قائم ہو۔ تحریک کشمیر یورپ ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی نے کہا کہ یادداشت میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بحال ، خوراک کی قلت ختم اور کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔