شاہی خاندان سے علیحدہ پر ہیری کا دل ٹوٹا، دوست کا انکشاف

January 16, 2021

شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے باوجود خوش ہیں، تاہم ابتدا میں ان کا بھی اپنے اہلِ خانہ سے علیحدگی پر دل ٹوٹا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف اس شاہی جوڑے کے قریبی دوست ٹام بریڈبے نے کیا۔

ٹام بریڈبے نے مقامی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ ہیری اب بھی غمگین ہیں، یہ جاننے کے لیے آپ کو کسی علم کی ضرورت نہیں ہے، میرا خیال ہے یہ سچ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دونوں اس وقت امریکا میں اپنی زندگی کی نئی شروعات پر کافی خوش بھی ہیں۔

شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیمز کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے بریڈبے کا کہنا تھا کہ اس خاندان میں موجود صورتحال مثالی نہیں، یہ ان کے لیے کافی مشکل سال گزرا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں ہی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں پہلے کینیڈا اور پھر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

شہزادہ ہیری کے دوست نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ تمام چیزیں سب کے لیے کافی تکلیف دہ رہی ہیں جنھیں مینج کرنا خاصہ مشکل تھا۔‘