گرین وال

January 22, 2021

صائمہ علی

فلیٹ میں رہنے والی خواتین کے ذہنوںمیں یہ بات رہتی ہے کہ گلری چھوٹی ہونے کی وجہ سے وہ اپنے باغبانی کے شوق کو پورا نہیں کر سکتیں ۔حالاں کہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے ۔باغبانی کی شوقین اپنے اس شوق کو مہارت اور سلیقے مندی سے گلری میں ہی پورا کرسکتی ہیں ۔ آپ گلری میں عمودی اسٹائلVertical gardening))میں بھی پودے لگا سکتی ہیں ۔ اس طر یقے سے دیواروں پر لگے پودے بہت حسین لگتے ہیں اور آنکھوں کو تازہ دم کرتے ہیں ۔عمودی باغبانی آپ بر آمدے میں بھی کرسکتی ہیں ۔

ذیل میں آپ کو اس کے چند طر یقوں کے بارے میں بتا یا جارہا ہے ،ان پر عمل کرکے آپ باغبانی کا شوق بہ خوبی پورا کرسکتی ہیں ۔عمودی باغبانی کو لیونگ گرین وال کے نام سے بھی جانا جاتاہے ۔اس میں آپ مختلف قسم کے پودوں کا انتخاب کرسکتی ہیں ۔مثلا ً فرن (بڑے پتوں والا پودا )،مختلف بیلیں (کلائمنگ فگ اور پائیلیا وغیرہ )۔آپ چا ہیں تو انگور کی بیل بھی لگا سکتی ہیں ۔ سبز خوردنی پھلیوں اور لوکی کی بیل بھی لگائی جا سکتی ہے ۔گھروں اور ماحول کو درجہ ٔحرارت سے محفوظ رکھنے کے لئے بھی یہ اچھا تصور ہے ۔

عام طور پر عمودی رخ باغبانی کے لئے پودوں کی دیکھ بھال ٹرے یا پینل سسٹم کے تحت کی جاتی ہے ۔پینل سسٹم پودوں کو عمودی طور پر لمبے عرصے تک قائم رہنے میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ باغیچہ چھوٹا ہویا بڑا اس میں دیوار کے سہارے باغبانی کے لئے جگہ مخصوص کرنی چاہئے، تاکہ گھر کے بیرونی حصے میں اردگرد کی ہوا کو ٹھنڈا کیا جاسکے۔