منشیات کیس کے ملزم کو ساڑھے سات سال قید،دوسرےکو پروبیشن کی سزا

February 25, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر)منشیات برآمدگی کیس میں رفتاج اکبر کو ساڑے سات سال قید، ذیشان کو پروبیشن کی سزا۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں رفتاج اکبر کو ساڑھے سات سال قید اور 35 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ جلیل آباد کے مطابق ملزم رفتاج اکبر کے خلاف پانچ کلو گرام منشیات برآمد ہونے کا مقدمہ گزشتہ سال 21 جولائی کو درج کیا گیا تھا۔دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ذیشان خان کو اقبالی بیان پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ اس سزا سے ملزم کو سدھرنے کا نادر موقع دیا گیا ہے ۔قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ پاک گیٹ کے مطابق ملزم ذیشان خان سے 340 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔ تاہم ملزم کے اعتراف جرم پر اسے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔ادھر ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد احمد کی عبوری ضمانت کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے واپڈا کی مین لائن میں ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم مقصود احمد کی عبوری ضمانت 50ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔