جنت مرزا نے پاک بھارت بارڈر پر پاوری کرلی

February 26, 2021

پاکستان کی ٹاپ ماڈل اور ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے پاکستان اور بھارت کے بارڈر پر بہن کے ہمراہ پاوری ویڈیو بنالی۔

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 13ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی جنت مرزا نے حال ہی میں اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اپنی نئی ویڈیو شیئر کی۔

مذکورہ ویڈیو میں جنت مرزا اپنی بہن اور ٹک ٹاک اسٹار علشبہ انجم کے ہمراہ پاک بھارت بارڈر پر موجود ہیں۔

جنت مرزا نے پاوری گرل دنانیر مبین کا منفرد انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہم ہیں، یہ پاکستان ہے، وہ انڈیا ہے اور یہاں ہماری پاوری ہورہی ہے۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے اپنے اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’پاک بھارت بارڈر پر ہماری پاوری ہورہی ہے۔‘

جنت مرزا اور علشبہ انجم کی اس پاوری ویڈیو پر اب تک لاکھوں لائکس آچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاک ماڈل جنت مرزا 13ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار ہیں۔

جنت مرزا کے مداح ناصرف اُنہیں ٹک ٹاک پر فالو کرتے ہیں بلکہ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر موجود جنت مرزا کے اکاؤنٹ کو بھی صارفین کی بڑی تعداد نے فالو کیا ہوا ہے۔

اس وقت انسٹاگرام پر جنت مرزا کے ایک اعشاریہ 9 ملین یعنی 19 لاکھ فالوورز ہیں جبکہ انسٹاگرام پر اُنہوں نے ایک ہزار سے زائد پوسٹس کی ہوئی ہیں جن میں اُن کی دلکش تصویریں اور ٹک ٹاک ویڈیوز شامل ہیں۔

دوسری جانب علشبہ انجم کو بھی بڑی بہن جنت مرزا کی طرح پاکستان بھر میں خوب مقبولیت مل رہی ہے، علشبہ انجم کے ٹک ٹاک پر 11 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔