لائن کی مرمت، کراچی میں 3 دن پانی کی سپلائی متاثر رہے گی

March 03, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ بدھ سے فراہمی آب کی 48انچ قطر کی لائن کی مرمت کا آغا ز کررہا ہے جس کی وجہ سے شہر کے متعددعلاقوں میں تین دن تک پانی کی سپلائی متاثر رہے گی،جسکی وجہ سے چند علاقوں میں 72گھنٹوں کیلئے پانی کی فراہمی کلی جبکہ بعض میں جزوی متاثر ہوگی۔ ترجمان واٹربورڈ کے مطابق واٹربورڈ 48انچ قطر کی اولڈ پپری مین کے بوسیدہ ہونے والے حصوں کی تبدیلی و مرمت اور لائن میں پیدا ہونے والے رساؤ کے خاتمہ کیلئے بدھ 3مارچ کو صبح 8بجے سے 6مارچ کی صبح 8بجے کے دوران کام کریگا،لائن کی مرمت کے دوران 72گھنٹوں کیلئے بن قاسم ٹاؤن بشمول نیشنل ہائی وے، منزل پیٹرول پمپ،مظفر آباد کالونی، لانڈھی ٹاؤن (جزوی)شاہ فیصل ٹاؤن (جزوی)ملیر ٹاؤن وملحقہ علاقے،ماڈل کالونی (جزوی)،موریاخان گوٹھ،جناح ٹرمینل (سول ایوی ایشن اتھارٹی)اور پی آئی اے کو پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ ایم ڈی واٹربورڈنے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی فراہمی بہتربنانے،پانی کا رساؤ روکنے اور مستقبل میں کسی نقصان سے بچنے کیلئے مذکورہ لائن کی مرمت اور بوسیدہ حصوں کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس دوران پانی کفایت سے استعمال کریں،خصوصاً متاثرہ علاقوں کے مکین پانی کا ذخیرہ کرلیں۔