میرے والد میرے استاد، سپورٹر اورنقاد تھے، شہزادی این

April 13, 2021

لندن(پی اے ) آنجہانی ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی صاحبزادی شہزادی این نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے والد میرے استاد،سپورٹر اورنقاد تھے، انھوں نے کہا کہ آنجہانی کی یادیں ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی ، اپنے تحریری بیان میں شہزادی نے لکھا ہے کہ ملکہ نے کہاہے کہ شہزادہ فلپ کی موت سے ان کی زندگی میں وسیع خلا پیداہوگیاہے ،اس سے قبل انھوں نے شاہی فیملی کی ویب سائیٹ پر اپنے والد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،شاہی ویب سائیٹ پر اپنے بیان میں شہزادی نے کہاہے کہ وہ بہترین زندگی گزارنے اور ہر ایک کی خدمت کے حوالے سے اپنے والد کی قائم کردہ مثال پر عمل کرنے کی کوشش کرتی ہیں ،انھوں نے کہا کہ ہر شخص کے ساتھ اس کی انفرادی زندگی میں اس کی اپنی صلاحیت کے مطابق سلوک کا اظہار ان اداروں سے ہوتاہے جن کے ساتھ انھوں نے کام کیا۔انھوں نے کہا کہ آنجہانی کی پیروی کی تلقین کو میں ایک اعزاز تصور کرتی ہوں اور ان کی سرگرمیوں کے ساتھ جڑا رہنا باعث طمانیت تھا ،اتوار کو کنٹربری کیتھڈرل میں آنجہانی شہزادہ فلپ کیلئے خصوصی یادگاری سروس کااہتمام کیاگیا ،آرک بشپ کنٹر بری جسٹن ویلبائی نے سروس کرائی ،خیال ہے کہ وہی ہفتہ کو ڈیوک کی تدفین میں نمائندگی کریں گے جبکہ پورے برطانیہ میں سرکاری طورپر سوگ منایا جارہاہے ،انھوں نے کہا کہ شاہی خاندان ہی کیلئے نہیں بلکہ کسی کیلئے بھی الفاظ سوگ کے گہرے احساس کو کم نہیں کرسکتے ۔17 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق 3 بجے ونڈسر کاسل کے میدان میں سینٹ جارج چیپل میں تدفین کی جائے گی ،یہ منظر ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھایاجائے گا ،ماتمی جلوس کے آگے شاہی فیملی کےارکان میت کی پشت پر ہوں گے جبکہ ملکہ علیحدہ سے چیپل پہنچیں گی ۔ڈیوک آس سسیکس سروس میں شرکت کیلئے امریکہ سےپہنچیں گے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب تک پہنچیں گے ۔ان کی اہلیہ حاملہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں کی ہدایت کے تحت کیلی فورنیا میں گھر پر رہیں گی ،ڈیوک آف سسیکس کی جانب سے امریکی ٹیلی ویژن پر شاہی فیملی پر تنقید کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری آمنے سامنے آئیں گے ۔دریں اثنا شہزادہ اینڈریو نےکہاہے کہ ان کے والد کی موت ایک تکلیف دہ نقصان ہے اور ان کی فیملی ملکہ کو دلاسا دینے کی پوری کوشش کررہی ہے ،انھوں نے کہا کہ ہم قوم کے دادا سے محروم ہوگئے ہیں ،ونڈسر رائل لاج میں سروس میں انھوں نے ارل اور کائونٹس آف ویسکس اور ان کی صاحبزادی لیڈی لوئس ونڈسر کے ساتھ شرکت کی تھی انھوں نے کہا کہ شاہی فیملی پرنس فلپ کی وفات پر ان کو خراج تحسین پیش کرنے والے لوگوں کی شکر گزار ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ توقع کرسکتے ہیں ملکہ انتہائی غیر جذباتی ،اور مستقل مزاج خاتون ہیں انھوں نے کہاہے کہ شہزادہ فلپ کی موت سے ان کی زندگی میں ایک بڑا خلا پیداہوگیاہے لیکن فیملی کے لوگ اور ان کے قریبی تمام افراد ان کے غم کو کم کرنے اور ان کو دلاسا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔اپنے والد سے اپنی محبت کاذکر کرتے ہوئے شہزادہ اینڈریو نے کہاکہ وہ اتنے سنجیدہ اور خاموش طبع انسان تھے اگر آپ کو کوئی مسئلہ ہوتا تو وہ ا س پر غور کرتے تھے اس کے بارے میں سوچتے تھے وہ ایسی شخصیت تھے کہ آپ ان کے پاس جائیں تو وہ آپ کی بات سنتے تھے اس لئے ان کی وفات ایک بہت بڑا نقصان ہے۔2019 میں جنسی ملزم جیفری اپسٹن کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے تنقید کانشانہ بنائے جانے کے بعد شہزادہ اینڈریو نے شاہی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ،ملکہ کے سب سے چھوٹے بیٹےشہزادہ اینڈریو نے کہا کہ کوئی اس طرح کی صورت حال کیلئے کتنی ہی تیاری کیوں نہ کرلے یہ ایک خوفناک جھٹکا ہوتاہے ۔ کائونٹیس آف ویسیکس نے کہا کہ ملکہ خود اپنے آپ سے پہلے دوسروں کے بارے میں سوچتی ہیں ۔ چیپل سے باہر دعائیہ اجتماع کے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے Sophie نے کہا کہ شہزادہ فلپ کی موت بہت پرسکون تھی ،ایسا معلوم ہوتاتھا کہ کوئی ان کو ہاتھوں میں اٹھاکر لے گیا بہت ہی پرسکون جس کی آپ کسی دوسرے کیلئے بھی تمنا کرسکتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں مرجانا پیچھے رہ جانے والوں کے مقابلے میں زیادہ آسان ہے ،شہزادی ویلز نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہی فیملی ان کی کمی بری طرح محسوس کرے گی ،انھوں نے کہاکہ ڈیوک نے ملکہ ،شاہی خاندان ، ملک اور دولت مشترکہ کی بے لوث خدمت کی ۔ قبل ازیں سابق وزیر اعظم سرجان میجر نے جنھیں 1997 میں شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد ڈیوک آف کیمبرج اور ڈیوک آف سسیکس کا خصوصی گارجین مقرر کیاگیاتھا ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ فلپ کو شاہی فیملی میں پیداہونے والے کسی بھی تنازعے کو حل کرنے میں مہارت حاصل تھی۔