شہداء صحافت کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں ،بی این پی عوامی

May 04, 2021

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) کے مرکزی انفارمیشن اینڈ کلچر سیکرٹری ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر شہداء صحافت کو خراج عقیدت اور عوام کو شب و روز آگاہ رکھنے کے لئے بر سرپیکار صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی انتہائی نا مساعد حالات میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں ،بلوچستان کے مشکل حالات میں بھی صحافی اپنا کام بخوبی کر رہے ہیں۔ شہداء صحافت ہمارا فخر ہیں ،جنہوں نے عوام کو باخبر رکھنے کی خاطر اپنی جانوں کا نذانہ دینے سے بھی گریز نہیں کیا، یہ بات انہوں نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر ایک بیان میں کہی، ڈاکٹر ناشنا س لہڑی نے کہا کہ بلوچستان کے شہداء صحافت کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذانے دیکر عوام کو باخبر رکھا اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض پورے کرنے کے لئے جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا حال ہی میں کوئٹہ میں عبدالواحد رئیسانی کو بھی دفتر جاتے ہوئے شہید کیا گیا جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے بلوچستان کے صحافیوں نے اپنی سرزمین اور وطن کے لئے خون دینے سے بھی گریز نہیں کیا اور کسی ایک دن بھی اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافت کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے اتنی شہادتوں، نا مساعد حالات، مشکلات کے باوجود بھی صحافی نہ صرف ثابت قدم ہیں بلکہ صوبے میں حق و سچ کا علم اٹھائے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی دن رات محنت کرکے عوام کو باخبر رکھ رہے ہیں، ساتھ ہی معاشرے میں جمہوری رویوں کو پروان چڑھانے میں بھی کردار ادا کرے رہے ہیں، صوبے کے صحافیوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے ہمیشہ آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کا علم بلند رکھا اور حمایت کی ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ جب تک صحافت آزاد نہیں ہوتی معاشرے کا حقیقی منظر دنیا کے سامنے نہیں آسکتا آج بلوچستان سمیت ملک بھر کے صحافی گوناگو مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں اور اپنے حقوق کی جدوجہدکر رہے ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں انکے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔