ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نےمجوزہ لاک ڈاؤن مسترد کردیا

May 05, 2021

پشاور (وقائع نگار ) پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے 8مئی سے مجوزہ لاک ڈاؤن کو مسترد کرتے ہوئے اس کی بھر پور مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کا اجلاس ایسوسی ایشن کے سرپرست خالد ایوب ، صدر حبیب اللہ زاہد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آصف جمال، ظفر شنواری، وزیر خان مومند،ارباب عطائ، ریاض آفریدی ، عارف خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاءنے کہا کہ کورونا کی آڑ میں تاجروں کا معاشی قتل کا سلسلہ بند کیا جائے ، انہوں نے عید کی تعطیلات میں سیاحتی مقامات کی بندش پر این سی او سی کے فیصلے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سیاحت ہی خیبر پختونخوا کی واحد انڈسٹری ہے جس سے صوبے کے لاکھوں افراد بالواسطہ اور بلا واسطہ منسلک ہیں، انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلنے سے ہی غریب کے گھر کا چولہا جلتا ہے شرکاءنے کہا کہ ایس او پیز کے تحت ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دی جائے انہوں نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لئے ماضی جو اقدامات اٹھائے اس پر ایسوسی ایشن نے من و عن عمل کیا پاکستان جیسے پسماندہ ملک میں مکمل پابندیاں، لاک ڈاؤن مسئلہ حل نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کی اجازت سے ہی وائرس سے محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ ڈوبتی معشیت کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔