میٹھی عید کے میٹھے پکوان

May 13, 2021

ہر اہم دِن، خصوصاً عیدین کے حوالے سے ہماری بَھرپور کوشش ہوتی ہے کہ آپ کے گھر میں جو خوشیوں کی برات اُتری، رونقیں سجی ہیں، تو ہم بھی کچھ سواد بھری، منفرد تراکیب پیش کرکے اس کا حصّہ بننے کی کوشش کریں،تو اِسی مناسبت سے چند میٹھے میٹھے لوازمات کی تراکیب حاضر ہیں۔

شیر خرما

اجزاء: دودھ ایک لیٹر، الائچی(پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، سویّاں ایک پیکٹ، چینی ایک کپ، کھجور(خشک کُٹی ہوئی) 10عدد،خشک میوہ جات (بادام،پستے، کاجوباریک کاٹ لیں)، حسبِ منشاء، کشمش حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب:ایک پتیلی میں دودھ گرم کرکے اس میں الائچی پاؤڈر اور چینی شامل کر کے ہلکی آنچ پر15نٹ تک پکنے دیں۔ اس دوران فرائی پین میں تیل گرم کرکےسویّاں بھون لیں۔ اس کے بعد دودھ میں سوّیاں اور خشک میوہ جات ڈال کر گاڑھے ہونے تک پکنے دیں۔ اس کے بعد ایک باؤل میں نکال کر فریج میں رکھ دیں اور ٹھنڈا ہونے پر اہلِ خانہ کے ساتھ مزے دار شیر خرمے کا لُطف اُٹھائیں۔

میٹھی سویّاں

اجزاء:سویّاں ایک پیکٹ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،کاجو، بادام، پستہ (باریک کاٹ لیں)حسبِ ضرورت، پانی (گرم کرلیں) دو کپ،چینی حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب:ایک پین میں تیل کڑکڑا کر الائچی پاؤڈر ڈال کے بھون لیں۔ پھر اس میں سویّاں شامل کرکے ہلکی آنچ پر اتنا بھونیں کہ سُنہری براؤن ہوجائیں۔اب پستہ، کاجو اور بادام شامل کرکے ذرا سا بھون کےچینی اور پانی شامل کرکے ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر سوّیاں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور سوّیاں بھی گل جائیں، تو چولھا بند کردیں۔

کسٹرڈ

اجزاء: رس بیری کسٹرڈ تین کھانے کے چمچ، دودھ دو پیالی، فریش کریم (پھینٹ لیں) ڈیڑھ پیالی، چیریز ایک سو پچاس گرام، چینی حسبِ ذائقہ، کشمش، خشک میوہ جات(باریک کتر لیں) اور اسٹرابیریزحسبِ منشاء اور چاکلیٹ بارزدو عدد۔

ترکیب:ایک کپ میں تھوڑا سا دودھ لے کر اس میں کسٹرڈ پاؤڈر گھول لیں۔اب ایک پتیلی میں دودھ، چینی اور کسٹرڈ کا آمیزہ ڈال کر چمچ سے مِکس کریں اور ہلکی آنچ پر گاڑھا ہونے تک پکنے دیں۔ جب گاڑھا ہو جائے، تو چولھا بند کردیں۔اب کسٹرڈ میںچاکلیٹ، اسٹرابیریز (چھوٹے پیس کاٹ لیں) فریش کریم (آدھی)، چیریزاورکشمش مِکس کرکے فریج میں رکھ دیں۔سرو کرنے سے قبل باقی فریش کریم اورخشک میوہ جات سے سجاوٹ کرلیں۔ (نورین اکمل، لاہور)

کاک ٹیل کھیر

اجزاء: دودھ ایک کلو، چاول(پیس لیں)آدھا کپ، کھویا آدھا پاؤ، فروٹ کاک ٹیل ایک کپ، چینی حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ونیلا ایسینس چند قطرے اور خشک میوہ جات(باریک کاٹ لیں)حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک پتیلی میں دودھ گرم کرکے چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں(لیکن چمچ مسلسل چلاتی رہیں)،جب دودھ اور چاول اچھی طرح مِکس ہوجائیں تو چینی، الائچی پاؤڈر اور فروٹ کاک ٹیل شامل کرکے اتنا پکائیں کہ دودھ گاڑھا ہوجائے۔اب چولھا بند کرکے اس میں ونیلا ایسینس اور کھویا ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر خشک میوہ جات چھڑک دیں۔ (صائمہ مسلم، کراچی)

چاکلیٹ فج کیک

کیک کے اجزاء:میدہ دو کپ،انڈے8عدد، چینی(پیس لیں)حسبِ ذائقہ اور کوکو پاؤڈر ایک چوتھائی کپ۔

ترکیب: انڈے اتنے پھینٹیں کہ وہ پھول جائیں۔ پھر اس میں چینی ، میدہ اور کوکو پاؤڈر مِکس کرکے ایک بار پھر پھینٹ لیں۔ اس کے بعدکیک کے سانچے میں ڈال کر 200سینٹی گریڈ پر 15 منٹ کے لیے بیک کرلیں۔

کیک آئسنگ:فریش کریم آدھا کپ،کوکو پاؤڈر ایک چوتھائی کپ ، آئسنگ شوگر ایک چوتھائی کپ،چاکلیٹ بار ایک عدد، فریش کریم آدھا کپ اور مکھن ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب:ایک باؤل میں کریم پھینٹ کر اس میں آئسنگ شوگر اور کوکو پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکےشیرہ بنالیں۔ اب کیک دو حصّوں میں کاٹ کر، ایک حصّے پر چینی کا شیرہ ڈالیں اور پھر کریم لگائیں۔ پھر دوسرا حصّہ رکھ کر پورے کیک پر کریم لگا کر15منٹ کے لیے فریج میں رکھیں۔اس دوران چاکلیٹ میلٹ کرلیں۔ اب اس میں کریم اور مکھن ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور پورے کیک پر لگاکر فریج میں رکھ دیں۔ (نازیہ شریف،راول پنڈی)