عالمی وبا کورونا نے ایک بار پھر عید کی خوشیاں پھیکی کردیں

May 10, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) عالمی وبا کورونا نے ایک بار پھر عید کی خوشیاں پھیکی کردیں، لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار بند ہونے سےتاجروں کو معاشی طور پر کروڑوں کے نقصان کا خدشہ، دکانیں بند ہونےپر حجاموں نےاضافی اجرت پرگھر گھر جاکر کام کرنا شروع کردیا، تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے چھوٹے بڑے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں، جس کے پیش نظر حیدرآباد میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے،اس ضمن میں گذشتہ روز محض سبزی، پھل، ڈیری،میڈیکل اسٹور اور کریانہ سمیت دیگر ضروری کاروبار کھلے رہے،باقی تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں،عید کی آمد آمد ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس بار پھر عید کی خوشیاں پھیکی رہیں گی، کیونکہ حکومت سندھ نے مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے جس کے نتیجے میں درزیوں اور حجام کی دکانوں کو بھی تالے لگ گئےہیں،عید کے لئے نئے کپڑے بنوانے کے لئے درزیوں کی دکانوں پر گاہکوں کا تانتا لگا رہتا ہے، جبکہ حیدرآباد میں مکمل لاک ڈاؤن کی پیشگی اطلاع کی وجہ سے شہریوں نے کپڑے خرید کر درزیوں کو سلوانے کے لئے دیئے ہوئے ہیں، مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے وقت پر کپڑوں کی ڈلیوری ہونا مشکل ہوگیا ہے،اس ضمن میں حکومت سندھ ایس او پیز کے تحت کاروبار کھولنے کی اجازت دے، دوسری جانب حجاموں نے اپنی دکانوں کے باہر ہوم ڈلیوری کے لئے بینرز بھی آویزاں کردیئے ہیں اور اضافی رقوم لیکر گھر جاکر شہریوں کے بال بنانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔