شکار پور میں ڈاکوؤں کے خلاف کئی روز سے جاری آپریشن میں پولیس کی جانب سے اب 3 بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سکھر رینج میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کے لیے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی شکار پور تنویر تنیو نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ شکار پور آپریشن میں جدید ڈبل چادروں والی 3 نئی بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ٹیکسلا سے روانہ ہو چکی ہیں اور 2 روز تک پہنچ جائیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف اسمارٹ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ سندھ کو ڈاکوؤں کے سر کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں کچے کے علاقے میں موجود دیگر ڈاکوؤں کے سر کی قیمتیں مقرر کرنے اور جھنگل تیغانی، منیر مصرانی، سبزوئی، جاگیرانی گینگز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی شکار پور تنویر تنیو آپریشن کے مشترکہ انچارج ہوں گےجبکہ ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی کندھ کوٹ کشمور، ایس ایس پی گھوٹکی بھی آپریشن میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر کامران فضل اور آئی جی سندھ مشتاق مہر آپریشن کی نگرانی کریں گے۔