کیا وقف سے رجوع ممکن ہے ؟ (گزشتہ سے پیوستہ)

June 18, 2021

تفہیم المسائل

آپ نے سوال میں لکھا کہ ’’چیرمین اور فائنانس سیکریٹری نے مکان واپس کرنے کی صورت میں مسجد کی تعمیر کے لیے مخصوص رقم دینے کا وعدہ کیا ہے ‘‘،اگرچیرمین اور فنانس سیکریٹری کایہ پیمان مسجد کے لیے وقف کیے ہوئے مکان کے واقفہ خاتون کو لوٹانے کی صورت میں مسجد کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لیے ہے ، تو شرعاً اُن پر یہ تاوان لازم نہیں آتا کیونکہ وقف اپنی جگہ قائم ہے اور اگر بفرضِ مُحال مسجد کو نقصان بھی ہوتا تو اس میں اُن کا کوئی قصور نہیں ہے ۔

تاہم صورتِ مسئولہ میں اپنے حینِ حیات وہ خاتون مکان کو اپنے زیرِ استعمال رکھ سکتی ہیں اور اُن کے انتقال کے بعد یہ مکان مسجد کے تصرُّف میں آجائے گا، کیونکہ وقف بدستور قائم ہے ۔ البتہ یہ حضرات برضاورغبت مسجد کوایک کروڑ روپے فی کس یا جتنابھی عطیہ کرنا چاہتے ہیں تویہ بات اُن کے لیے باعثِ سعادت ہے اور صدقۂ جاریہ ہے ،لیکن یہ کسی تاوان یا جرمانے کے طورپر نہیں ہوگا ،البتہ وقف کو ختم کرنے کا اختیار اُنہیں بھی حاصل نہیں ہے ، اِسی طرح اگر مکان وقف کرنے والی خاتون ضرورت مند ہیں ، اوروہ اُن کی مدد کرنا چاہتے ہیں ، تو ضرور کریں ،وہ عنداللہ اجرپائیں گے۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheemjanggroup.com.pk