10 جون کی قانون سازی واپس نہیں ہوگی، بابر اعوان

June 18, 2021

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ 10 جون کی قانون سازی واپس نہیں ہوگی۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں وزیر اعظم کے مشیر بابر اعوان اور ن لیگ کے احسن اقبال نے اظہار خیال کیا۔

بابر اعوان نے واضح الفاظ میں کہا کہ 10 جون کو قومی اسمبلی میں ہوئی قانون سازی واپس نہیں ہوگی۔

دوسری طرف احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے مکرنے کی وجہ سے ہی اپوزیشن والے ان پر اعتبار نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی یہ مشکل میں آتے ہیں تو وعدے کرتے ہیں اور بعد میں مکر جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی 3 روز بعد اس وقت ختم ہوئی تھی۔ حکومت اور اپوزیشن میں طے پایا تھا کہ حکومت ایک دن میں قومی اسمبلی سے کی گئی قانون سازی پر غور کے لیے کمیٹی بنائے گی۔

اپوزیشن نے حکومتی یقین دہانی کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی تھی۔