ورلڈ ٹیسٹ فائنل، بارش نے پلیئرز کو میدان میں اترنے ہی نہیں دیا

June 19, 2021

ساؤتھمپٹن (جنگ نیوز) بارش نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل تاخیر کا شکار کردیا۔ پہلے دن کا کھیل نہ ہوسکا، ٹاس بھی نہیں کیا جاسکا ۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ٹاس ہونا تھا اور اس کے آدھے گھنٹے بعد کھیل کا آغاز ہونا تھا لیکن رات بھر تیز بارش اور علی الصبح کی بارش کی وجہ سے گراؤنڈ اسٹاف نے پانی نکالنے کی کوششیں کیں ، دو سیشنز ضائع ہونے کےبعد میچ آفیشلز نے مقامی وقت کے مطابق پونے تین بجے فیصلہ کیا اب کھیل نہیں ہوسکتا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ڈریسنگ میں چائے اور اسنیکس سے لطف اندوز ہوتےرہے۔ فائنل کیلئے ایک دن ریزرو رکھا گیا تھا۔ اب ہر روز میچ میں 30 منٹ کا اضافی کھیل ہوگا۔تشویشناک خبریہ ہے کہ اگلے 5 دن بارش کی پیش گوئی بدستور ہے۔موسم کے تیور کو دیکھتے ہوئے مبصرین کا کہنا ہے کہ حالات پیس بولنگ کیلئے سازگا ر رہیں گے ۔ دونوں ٹیموں میں چونکہ اچھے فاسٹ بولرز موجود ہیں، اس لیے بیٹسمینوں کو کھیلنے میں مشکلات بھی پیش آئیں گی ۔ البتہ مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں وکٹ پر اسپنرز کی قسمت کھل سکتی ہے۔ البتہ اس بات کا امکان کم نظر آتا ہے۔پہلے روز کا کھیل دیکھنے کیلئے میدان میں 30 ہزار تماشائی موجود تھے، جو پورا دن کھیل شروع ہونے کا انتظار ہی کرتے رہے۔خیال رہے کہٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 8 لاکھ امریکی ڈالرز انعام ملے گا۔ میچ ڈرا ہونےکی صورت میں رقم دونوں ٹیموں میں برابر تقسیم ہوگی۔