بی این پی، جمعیت اور پشتونخوا میپ کا اجلاس، شٹرڈاؤن کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی

June 25, 2021

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی جمعیت علماء اسلام اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کا مشترکہ اجلاس بی این پی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسی بلوچ کے زیرصدارت جمیعت کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ضلع کوئٹہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ جمیعت کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیراحمد کاکڑ پشتونخوا میپ کے مرکزی کمیٹی کے ممبر ندا سنگر جمیعت کے ضلعی نائب امیر مولوی محمد ایوب اور حافظ مسعود نے شرکت کی۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمعہ 25 جون کو کوئٹہ میں ہونے والے شٹرڈاوٴن اور احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی اور مشترکہ کمیٹیاں قائم کی گئیں ۔ اس موقع پر تینوں پارٹیوں کے رہنماوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اور جان و مال چادر و چار دیواری تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے لا قانونیت میرٹ کی پامالی بے روزگاری کا دور دورہ ہے کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بے روزگار نوجوان روزگار کے حصول کیلئے دربدر ٹھوکریں کھا رہےہیں ۔ سلیکٹڈ حکومت نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے اندر بلوچستان کی تاریخی روایات کو تہس نہس اور مسخ کرکے بدنما مثال قائم کرکے ثابت کیا کہ انہیں بلوچستان کی مثبت روایات کی بحالی سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کے شٹرڈاوٴن کے موقع پر اپنی دکانوں کو بند کرکے حکمرانوں کے عوام کے ساتھ ظلم و جبر مہنگائی بے روزگاری بجلی کے طویل لوڈشیڈنگ پینے کے صاف پانی کے عدم دستیابی جبری ٹیکسوں کے خلاف جمہوری احتجاج ریکارڈ کرانے میں ہمارے ساتھ دیں اور باشعور عوام آج اپنے گھروں سے نکل کر تین بجے کو منان چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں اپنے بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔