’دی سمپسنز‘ کا ایک اور منظر حقیقت بن گیا

July 16, 2021

مستقبل کے واقعات دکھانے کے حوالے سے مشہور کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ کی ایک اور پیشگوئی حقیقت بن گئی۔

سمپسن کارٹون میں 2014 میں خلائی سیاحت کے حوالے سے بتایا گیا تھا جو حال ہی میں ممکن ہوا ہے۔

ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کارٹون سیریز میں جس کردار کو خلائی سفر کرتے دکھایا گیا اس کی شکل بھی اسی ارب پتی شخص سے مشابہہ ہے جو حال ہی میں خلا کا سفر کر کے آیا ہے۔

برطانوی ارب پتی شخص رچرڈ برانسن نے گزشتہ دنوں ہی خلا کا سفر کیا تھا اور خلا کے اس سفر کو انہوں نے زندگی کا یادگار سفر اور مہنگا سفر قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلا کے سفر اور سیاحت میرے بچپن سے ہی خواب رہا ہے اور خلا سے زمین کا نظارہ بھی ایک زندگی کی آرزو رہی ہے۔

خلا میں سفر کے بعد ایک تقریب میں برانسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس لمحے کا خواب دیکھا تھا،تقریب میں دو ہوا باز اور ان کے تین ساتھی بھی موجود تھے۔

دوسری جانب ’دی سمپسنز‘ کارٹون سیریز اب متنازع بن گئی ہے کیونکہ اس سے قبل اس سیریز سے متعلق یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ 1993 میں اس کارٹون نے کورونا وائرس کی حالیہ وبا کی بھی پیش گوئی کی تھی اور اب بیروت دھماکے کے متعلق بھی ایسا ہی دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔

1989 میں پیش کیے جانے والے اس کارٹون سیریز کو ایک بہت ہی مشہور اینیمیٹڈ کامیڈی سیریز سمجھا جاتا ہے۔

اس سیریز میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مزاح سے بھرپور مناظر پیش کیے گئے لیکن آج اس سیریز کی وجہ اہمیت و مقبولیت اس کے مذاق نہیں بلکہ اس میں پیش کیے گئے واقعات کا موجودہ دور میں رونما ہونا ہے۔