عدنان قاضی کی ڈائریکشن میں بننے والا ’نا چھیڑ ملنگا نوں‘ ریلیز

July 23, 2021

معروف ہدایتکار عدنان قاضی کی ڈائریکشن میں بننے والا نیا ویڈیو سونگ ’نا چھیڑ ملنگا نوں‘ ریلیز کردیا گیا۔

نئے ویڈیو سونگ کو معروف گلوکار فرحان سید اور گلوکارہ آئمہ بیگ کی خوبصورت آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا جس کا میوزک معروف گلوکار و میوزک پروڈیوسر بلال سعید نے ترتیب دیا ہے۔

معروف ہالی وڈ ڈائریکٹر جوزپ کان نے بھی ڈائریکٹر عدنان قاضی کو خوبصورت انداز میں گانے کو عکس بند کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نامور ہدایتکار عدنان قاضی کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام پروجیکٹس کو محنت، لگن اور شوق سے کرتا ہوں جس کی وجہ سے کامیابیاں نصیب ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ویڈیو سانگز کی مقبولیت کے بعد اس ویڈیو سونگ "نا چھیڑ ملنگا نوں" کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے میری حوصلہ افزائی اور مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈائریکٹر جوزپ کان نے بھی میرے کام کی بھرپور تعریف کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو سونگ کو نامور گلوکار فرحان سید اور گلوکارہ آئمہ بیگ نے بہت خوبصورت انداز میں پرفارم کیا ہے جو میوزک شائقین کےلئے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔