زیادہ شور و غل نہ اچھل کود، سادہ تقریب میں 364 دن کی تاخیر سے اولمپکس کا آغاز

July 24, 2021

کراچی/ ٹوکیو (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) کورونا کے سائے میں ٹوکیو اولمپکس2020 جمعے سے پروقار اور سادہ تقریب میں شروع ہوگئے۔ اولمپکس کا آغاز متعدد پابندیوں کے تحت اور اصل شیڈول سے 364روز کی تاخیر سے ہوا ہے۔ افتتاحی تقریب میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے کوئی اچھل کود نظر آئی نہ تماشائیوں کا شوروغل سنائی دیا، پہلی مرتبہ کھلاڑیوں نے چہرے پر ماسک لگا کر مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ گرافکس کے ذریعے تمام کھیلوں کا ذکر ہوا، لائٹس کا کھیل بھی نظر آیا، موسیقی بھی گونجی۔ مختلف ایتھلیٹس کے ساتھ ساتھ ایک ڈاکٹر اور ایک نرس نے بھی مشعل اٹھاکر گراؤنڈ کا چکر لگایا پھر مشعل اسکول کے بچوں کے ہاتھوں سے جاپانی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا کو منتقل ہوئی، انہوں نے مرکزی اسٹیڈیم میں مشعل کو روشن کیا جو ان مقابلوں کے اختتام تک جلتی رہے گی۔کورونا میں اضافے کی وجہ سے پانچ ہزار وی آئی پی مہمانوں کی تعداد میں کمی کرکے اسے عین وقت پر ایک ہزار کردیا گیا، افتتاحی تقریب میں کورونا وبا کا شکار ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ فنکاروں نے جاپان کے ماڈرن ڈانس کا خوبصورت مظاہرہ کیا، اولمپکس کی تاریخ فنکاروں نے منفرد انداز میں پیش کی۔ اسٹیڈیم کے ٹریک پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ گرافکس دکھائے گئے، کورونا کے باعث ایتھلیٹ کو درپیش مشکلات کو بھی اجاگر کیا گیا، اس دوران جاپانی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔ گذشتہ دو اولمپکس کی میزبانی کے مناظر کی جھلک دکھائی گئی۔ مارچ پاسٹ کے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد بھی محدود رکھی گئی تھی، جبکہ ٹیموں کی میدان میں مارچ پاسٹ کے بعد موجودگی میں بھی سماجی فاصلہ رکھا گیا، جاپان کے شہنشاہ ناروہیٹو کے علاوہ چند معززین اور مدعو کیے گئے مہمان اسٹیڈیم کی نشستوں پر موجود تھے جن میں امریکی خاتون اول جِل بائیڈن بھی شامل تھیں، دستوں کی اسٹیڈیم میں آمد جاپانی حرف تہجی کے اعتبار سے ہوئی۔ روایتی طور پر سب سے پہلے یونانی دستہ اسٹیڈیم میں داخل ہوا۔ کورونا پروٹوکولز کی پابندی کے ساتھ شرکا جاپان کا جھنڈا تھامے اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔ افتتاحی تقریب سے قبل کورونا وبا کے باعث اسٹیڈیم کے باہر گیمز ملتوی کرنے کے لیے مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اولمپک اسٹیڈیم خالی ہے اور اس کے داخلی دروازوں پر ٹوکیو 2020 کی یادداشت کا اسٹور بھی بند نظر آیا، افتتاحی تقریب میں2024 کے پیرس اولمپکس گیمز کی تیاریوں کے بارے میں آگہی دی گئی۔ منتظمین نے اس امید کا اظہار کیا کہ اولمپکس عالمی یکجہتی اور کورونا وائرس پر فتح کی علامت ہوں گے۔ اسٹیڈیم میں جگہ جگہ لگے بینرز پر اولمپکس اتحاد کا انتخاب کا جملہ لکھا ہوا تھا، دنیا بھر میں شائقین نے ٹی وی اسکرین اور مختلف مقامات پر نصب کی گئی بڑی بڑی اسکرینوں پر افتتاحی تقریب دیکھی۔