بری شہرت کے حامل افسران کو کراچی سے باہر بھیجنے کیلئے آئی جی سندھ کو خط

July 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف نے بری شہرت کے حامل افسران کو کراچی سے باہر تبادلے کرنے کے لیے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا ۔خط میں بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے 103 بری شہرت کے حامل پولیس افسران کی نشاندہی کی تھی اور مختلف پوسٹنگ آرڈرز کے ذریعہ ان افسران کو کراچی رینج میں تعینات کیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کے خط کے مطابق 103 پولیس افسران میں سے 90 کو کراچی رینج میں تعینات کیا گیااور ان میں سےصرف 72 افسران نے کراچی رینج میں رپورٹ کیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق سی ٹی ڈی کے پاس ان افسروں کے خلاف بدانتظامی کی بہت سی شکایات موجود ہیں،کراچی کے کسی بھی یونٹ میں ان افسران کی موجودگی میں غیر قانونی کام ہوسکتے ہیں اسلیئےان افسران کو کراچی رینج سے باہر تعینات کیا جائے۔