بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنا ہوگی، معید یوسف

July 24, 2021

وزیراعظم عمران خان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نےکہا ہے کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنا ہوگی۔

بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیے گئے دوسرے انٹرویو میں معید یوسف نے کہا کہ لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت سے جُڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، خطے میں امن خراب کرنے کے لئے بھارت کی تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ، جارحانہ اقدام واپس لینے تک بھارت سے بات چیت ممکن نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے بھارت کے تیار ہونے تک اس سے بات نہیں ہو سکتی۔

معید یوسف نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو واضح کردیا ہر پاکستانی آخری وقت تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، یہ بھی واضح کردیا جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ، جارحانہ اقدام واپس نہیں لیتا، بات چیت ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن خراب کرنے کے لئے بھارت کے تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت سے جڑتے ہیں، جس کے ثبوت دنیا سامنے رکھ دیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہوگی، بھارت کی حکومت آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کے لیےکوشاں رہاہے مگر بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نےقبول کیا کہ بھارت نے ایف اےٹی ایف کو سیاسی عزائم کےلیے استعمال کیا۔

مشیر قومی سلامتی نے مزید کہا کہ بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے۔

دوران انٹرویو معید یوسف نے اینکر سے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ بھارت میں نریندر مودی کو ہٹلر سے مطابقت دی جا رہی ہے؟

اس سوال کا بھارتی صحافی کرن تھاپر کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔

ڈاکٹر معید یوسف نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔