15 ملزمان گرفتار، مسروقہ موٹر سائیکل‘ اسلحہ‘ داؤ پر لگی رقم برآمد

July 25, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآبادپولیس نے مختلف کاروائیوں میں چوروں‘ اسٹریٹ کرمنل سمیت جواکھیلنے کے الزام میں 15 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے مسروقہ مال‘ چوری شدہ موٹر سائیکل‘ غیرقانونی اسلحہ‘ جوئے میں داؤ پر لگی رقم برآمدکرلی ہے ۔سخی پیر تھانے کی حدود لیاقت کالونی سے پولیس نے عبدالباسط شیخ کی موٹرسائیکل چوری کامقدمہ گذشتہ دنوں درج کیاتھا اورگذشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ موٹرسائیکل چوری کرنے والا ملزم ناصر راجپوت موٹرسائیکل لیکر جارہا ہے جس پر پولیس نے ناکہ بندی کرکے ملزم کو رکنے کاکہا تو وہ موٹرسائیکل چھوڑکر فرارہوگیا۔ بی سیکشن پولیس نے دوران گشت درگاہ حکم شاہ کے قریب سے فرید سموں کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمدکرلیاہے۔ پولیس کا کہناہے کہ گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔سٹی پولیس نے رئیس احمدشیخ کے گھرسے طلائی زیورات اورنقدی کی چوری میں ملوث ملزم محمدیامین کھوسو کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتارکرکے اس کی نشاندہی پر مسروقہ سونے کا سکہ‘ موبائل فون اور 64ہزارروپے نقدی برآمد کرلی ہے۔ علاوہ ازیں فورٹ پولیس نے ریلوے کالونی گراؤنڈ کے قریب جوئے کے اڈے پرچھاپہ مارکر 8جواریوں عامر‘شکیل‘ شکیل لاشاری‘ فضل میر‘ فقیر محمد‘ محمدخان‘ راحیل چوہان‘ عرفان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے داؤ پر لگی 18ہزارروپے رقم ‘پول منی ‘آکڑہ پرچیاں برآمدکرلی ہیں جبکہ پنیاری پولیس نے انصاری اسپتال کے قریب جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارکر 5جواریوں عمران بھٹی‘ اظہر‘ فہد قاضی ‘ پرویز عرف عارف‘ وحیدعلی کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے داؤ پر لگی ساڑھے 4 ہزار روپے سے زائد رقم اوردوتاش کی گڈی اورآکڑہ پرچیاں برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔