ن لیگ کو دو بیانیہ کے بجائے مفاہمانہ بیانیہ کی جانب آنا چاہئے، تجزیہ کار

July 29, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ ن لیگ کو دو بیانیہ اکھٹے چلانے کے بجائے مفاہمانہ بیانیہ کی جانب آنا چاہئے، انجمن تاجران سندھ کے جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ پابندیاں لگائی جائیں مگر اس طرح کی نہ لگائی جائیں کہ تاجروں کا نقصان ہو ،وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کا کہنا تھا کہ کیبنٹ نے سائبر نیشنل سیکورٹی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نتائج اچنبھے کی بات نہیں گلگت بلتستان ہو یا پھر آزاد کشمیر مرکز میں جو حکومت ہوتی ہے اسی جماعت نے یہاں پر بھی حکومت بنانی ہوتی ہے ۔سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جیت نے ثابت کردیا ہے کہ اسلام آباد حکومت کو پہلے بھی کوئی خطرہ نہیں تھا اور حکومت اب اور پہلے سے مضبوط ہوگئی ہے اور لگ یہ رہا ہے کہ شاید اگلے انتخابات سے پہلے اس حکومت کو ہٹانا مشکل ہوگا اور یقینی طور پر یہ حکومت اگلے الیکشن تک کسی بھی بڑے واقعہ کے نا ہونے کی صورت میں برقرا ررہے گی ۔