کورونا میں تعلیمی ادارے کھول کر خطرہ نہ بڑھائیں، پرویزالٰہی

August 01, 2021

لاہور (نیوزرپورٹر) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کورونا میں تعلیمی ادارے کھول کر خطرہ نہ بڑھائیں، وباء سے پوری دنیا کی معیشت تباہ، مضبوط بنانے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہو گا،پرویز الہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چیئرمین ایجوکیشن فاؤنڈیشن پنجاب سردار آفتاب اکبر ایم پی اے اور چیئرمین ملک عبدالمنان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر حلقہ این اے 65 اور پی پی 23 اور پی پی 24 کے مسائل کے حل کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کی نئی لہر لمحہ فکریہ ہے، تعلیمی ادارے کھول کر بچوں اور والدین کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کو کھول کر عوام کو اس میں مبتلا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا سمیت پاکستان کی معیشت تباہ حال ہے، ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہو گا۔