پاکستانی کمیونٹی پاک امریکا کے تعلقات کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر اسد مجید

August 01, 2021

ہیوسٹن:(راجہ زاہد اختر خانزادہ نمائندہ جنگ/جیو نیوز)‎امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اہم اقدامات کر رہی ہے اور یہ کمیونٹی پاکستان کا بڑا اثاثہ ہے، یہ بات انہوں نے پاکستان امریکن لیگسی فاؤنڈیشن کی جانب سے ہیوسٹن میں مقامی کمیونٹی رہنماؤں ہلال امتیاز اور تمغہ امتیاز یافتہ سید جاوید انور اور طاہر جاویدکے اعزازا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ہیوسٹن میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل ابرار حسین ہاشمی مقامی منتخب نمائندوں کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ خطبہ استقبالیہ پاکستان امریکن لیگیسی فاؤنڈیشن کے سیکریٹری سعید شیخ نے پیش کیا ۔تقریب میں دونوں کمیونٹی رہنماؤں کا تعارف ایونٹ کے چیئرمین ایم جے خان اور ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف قدیر نے کرایا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے حالات زندگی اور خدمات پر مشتمل ڈاکومینٹری حاضرین کو دکھائی گئی جبکہ دونوں رہنماؤں کو تنظیم کی جانب سے لیگیسی ایوارڈ سفیر پاکستان نے دیئے جبکہ پاکستان امریکین لیگیسی فاؤنڈیشن کے صدر ہارون شیخ نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پیش کیئے اور سفیر پاکستان کا تعارف کرایا ۔ تقریب سےخطاب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید کا مزید کہنا تھا کہ میں اس بات کا ذاتی طور پر گواہ ہوں کہ سید جاوید انور نے ہمیشہ کمیونٹی خدمات کے حوالے سے ہر ممکن مدد فراہم کی۔