4مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش ، پولیس پر فائرنگ

August 04, 2021

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ گلزار قائد میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے دو ملزموں کوگرفتارکرلیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق چار مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی توموٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزم زخمی ہوگئے جنہیں گرفتارکرلیا گیا جبکہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے، گرفتار ملزمان کی شناخت شوکت اور قدوس کے ناموں سے ہوئی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ترجمان کاکہناہےکہ گرفتار ہونے والے ملزمان بین الاضلاعی متحرک ہائوس رابری گینگ کے ارکان ہیں، گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ شوکت عرف لمبا بھی شامل ہے، ملزمان شوکت اور قدوس اسلام آباد، لاہور ، شیخوپورہ اور شاہ کوٹ میں ہائوس رابری اور ہائوس رابری معقتل کے متعدد مقدمات میں چالان ہو چکے ہیں،ملزمان گھروں میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر خواتین اور بچوں کو یرغمال بناتے اور لوٹ مارکرتے تھے، گینگ نے گزشتہ ماہ ائر پورٹ کے علاقے میں بھی ہائوس رابری کی واردات کی تھی ان کے زیر استعمال موٹرسائیکل اور اسلحہ قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزموں کی تلاش کی جارہی ہے ،ایس پی پوٹھوہارنے کہاہے کہ ملزمان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کو بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔