شہدا کی لازوال قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائینگی، آئی جی

August 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم شہداء کے موقع پر گارڈن ہیڈ کوارٹر میں شہداء کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،انسپکٹر جنرل آف پولیس مشتاق احمد مہر اور کراچی پولیس چیف سمیت سینئر پولیس آفیسرز نے شہیدوں کے بچوں کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہداء کے بچوں اور فیملی کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور انکے مسائل اور حالات سے آگاہی لی، انہوں نے کہا کہ یوم شہداء ان شہیدوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی قربانی دیکر اس شہر اور ملک میں امن قائم کیا، ان شہیدوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیگی، شہداء کے لواحقین ہماری اولین ذمہ داری ہیں اور ہم اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایڈمن ذوالفقار علی لاڑک سمیت دیگر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ رضویہ قبرستان میں مدفون شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔علاوہ ازیں ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں تقریب کا انعقاد ،پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے اعلیٰ افسران اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس پی ایس ایس یو ارم اعوان، ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل اور ایس پی چوکنڈی ڈاکٹر نجیب نے فاتحہ خوانی کی اورشہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔