کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات، سیاسی جماعتیں اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کریں، الیکشن کمیشن

August 05, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو سات اگست 2021تک اپنے نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے اس ضمن میں پارٹی سربراہ خودیاسربراہ کی جانب سے مقرر کردہ کوئی مجاز نمائندہ ٹکٹ جاری کر سکتا ہے ۔پارٹی سربراہ کی طرف سے ایسے مجازنمائندگان جو پارٹی ٹکٹ جاری کر سکتے ہیں ان کے نام ،ولدیت ،پارٹی عہدہ اور نمونہ دستحط چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو 7اگست2021تک ارسال کرنا ہونگے جس کے بعد 13اگست2021 کو پارٹی ٹکٹ کے مطابق ریٹرننگ آفیسران امیدوراں کو پارٹی نشانات الاٹ کریں گے۔علاوہ ازیں کراچی میں 12 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے چھ کنٹونمنٹ بورڈز میں484امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔منوڑہ کنٹونمنٹ کے 2واڈز میں 8 امیدواروں نے فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے 10وارڈز میں 125امیدواروں نے، کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے 5وارڈز میں 67 امیدواروں ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے 10 وارڈز میں135 امیدواروں ،ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے 10 وارڈز میں 90امیدواروں کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کے 5 وارڈز میں 59امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد 7اگست تک منظور یا مسترد کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،انتخابات کے لیے 13 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔12ستمبر کو کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی۔