پاکستان کے تمام پریس کلب کے صدور کی جانب سے پی ایم ڈی اے کے خلاف پی ایف یو جے کے فیصلوں کی حمایت

September 17, 2021

پاکستان کے پریس کلبز کے صدور نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کے خلاف پی ایف یو جے کے فیصلوں اور 19 نکاتی مطالبات کی مکمل حمایت کی ہے اور لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کے پریس کلبز کے صدور نے لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کی۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کے خلاف پی ایف یو جے کے فیصلوں کی مکمل تائید کی اور کہا کہ وقت آ گیا ہے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا بل کے خلاف ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

اسلام آباد پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہا حکومت کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر ان کے ذہن میں یہ ہو کہ وہ کسی انداز سے ہمیں روک سکے گی تو یہ ان کی بھول ہو گی۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے یہ بھی وضاحت کی کہ کسی بھی فورم پر انہوں نے پی ایم ڈی اے بل کی حمایت نہیں کی۔

حیدرآباد پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اقبال ملہہ نے کہا کہ یہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نہیں ڈنڈا اتھارٹی بل ہے۔

کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری بنارس خان نے بھی پی ڈی ایم اے کے خلاف بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔