15 کال پر فوری جواب یقینی بنایا جائے،ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب

September 21, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان نے کہا ہےکہ پکار 15 کال پر فوری ریسپانس یقینی بنائیں اور جنوبی پنجاب کے آر پی اوز پکار 15 کالز کا آڈٹ کرائیں ، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب میں قائم ویمن ہراسمنٹ سیلز کو فوری کارروائی کے لیے فعال کیا جائے اور خواتین سے متعلق جرائم پر فوری کارروائی کی جائے، اسی طرح بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں بچوں سے متعلق جنسی جرائم کے تدارک کے لیے تعلیمی اداروں میں بھی آگہی دی جائے ،ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ تھانوں کی حوالات، ایس ایچ او آفس،فرنٹ ڈیسک پر سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کیا جائے اور ڈی پی او ان کیمروں کی مدد سے تھانوں کے معمولات کی مانیٹرنگ کریں، انہوں نے ہدایت کی کہ آر پی اوز،سی پی او،ڈی پی اوز پولیس انفرمیشن سسٹم کے تحت تھانوں کا معائنہ کریں اور انسپکشن رپورٹ انفارمیشن سسٹم میں درج کریں ۔