وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی نے جانبدارانہ پالیسی اپنا لی،ٹیچرز فورم

September 21, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) جامعہ زکریا ٹیچرز فورم کا اجلاس منعقد ہوا انکریمنٹ میں بلاوجہ رکاوٹ اور سنڈیکیٹ کے ایجنڈا میں میرٹ پالیسی کے خلاف شعبہ فزکس کے چیئرمین اور ٹیکسٹائل کالج کے پرنسپل کو ہٹانےکے خلاف رجسٹرار آفس میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا،ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں ایسے اساتذہ موجود ہیں جو کئی سالوں سے پی ایچ ڈی کرنے کے باوجود لیکچرار ہیں اور انہیں ترقی نہیں دی جا رہی۔اجلاس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے کی۔اجلاس میں 80 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی ۔ اساتذہ نے الزام عائد کیا کہ وائس چانسلر جانبدارانہ پالیسی اور من پسند افراد کو نوازنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر، پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان، پروفیسر ڈاکٹر عابد لطیف، پروفیسر ڈاکٹر حسن بچہ، ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر محمد ریاض، پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر، ڈاکٹر فرخ ارسلان، ڈاکٹر فواد رسول، پروفیسر ڈاکٹر آصف یاسین، ڈاکٹر احسان قادر بھابھا، ڈاکٹر بنیامین، ڈاکٹر عثمان سلیم اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر یونیورسٹی ٹیچرز فورم کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر آصف یاسین نے یونیورسٹی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر توازن کے ساتھ معاملات ہینڈل نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائےگا۔