کل بھارت کیخلاف یورپ بھر میں احتجاج ہوگا، محمدغالب

September 23, 2021

برمنگھم(پ ر) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے قتل عام، فوجی دہشت گردی ، انسانی حقوق کی پامالیوں، شہید اعظم سید علی گیلانی کی جبری تدفین، ان کےخاندان کے ساتھ بھارتی فوج کے توہین آمیز سلوک، وصیت کے مطابق ان کی تدفین کے خلاف 24ستمبر کو دن 11 بجے جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے ہیڈ کواٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں یورپ کے مختلف ممالک سے تحریک کشمیر یورپ کے رہنما شرکت کریں گے ۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب نے کہا کہ25 ستمبر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اس روز یورپ بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور دنیا پر واضح کیا جائے گا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے۔ نریندر مودی ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، مودی کے خلاف ٹھوس اقدامات اور ناپاک عزائم کو روکنے کی ضرورت ہے، مودی دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے، تحریک کشمیر یورپ کے رہنمائوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد مظلوم و محکوم قوموں کے ساتھ انصاف کرنا ہے، مودی جیسے دہشت گرد کو اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم مہیا نہیں کرنا چاہئے، بھارت نے 74سال سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کیا،بھارت کسی عالمی معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کے باوجود اپنے وعدوں سے انحراف کر رہا ہے، فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، اقوام متحدہ کو ایسے ملک کی رکنیت کو ختم کرنا چاہئے ۔