فراڈکا ملزم سیف الرحمان 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

September 24, 2021

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے سرمایہ کاری کے نام پر عوام کولوٹنے کے مضاربہ کیس میں گرفتار نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمن خان نیازی کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ملزم کے وکیل کی مرسڈیزگاڑی سپرداری پرواپس کرنے کی درخواست ،نیب پراسیکیوٹرکی مخالفت، جمعرات کو نیب حکام نے سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیے گئے سیف الرحمن عدالت پیش کیا،نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف اور ملزم کے وکیل لطیف کھوسہ کے جونیئر محمد جمشید عدالت میں پیش ہو ئے ، نیب پراسیکیوٹر نے ملزم کے 14روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ10.86بلین کی فائیننشل مانیٹرنگ یونٹ نے مشکوک ٹرانزیکشن کہ رپورٹ دی ہے، 70بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم ملزم کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئی ،10.86بلین کی وصولی کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ چاہیے، وکیل صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت اور جوڈیشل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ ہائیکورٹ کا آرڈر ابھی نہیں آیا، نیب گزشتہ 6ماہ سے تفتیش کررہی ہے،عدالت نے کہاکہ سپریم کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری مسترد نہیں ہوئی کیا،وکیل نے کہاکہ جی مسترد ہوئی ہے، لیکن نیب تفتیش مکمل کر چکا ، اب ضرورت نہیں،توہین عدالت کی درخواست 18نیب اہلکاروں کیخلاف سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے،جسمانی ریمانڈ کے دوران توہین عدالت کی درخواست کو واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا جائے گا،ہماری استدعا ہے کہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے،ملزم کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے،تفتیشی افسر نے کہاکہ ملزم کا میڈیکل چیک اپ ہو چکا ہے، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرنے کا حکم سنادیا۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل جمشید کی جانب سے گاڑی نمبرAV-001مرسڈیز گاڑی کی سپرداری کیلئے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیاکہ نیب نے ہماری بی ایم ڈبلیو گاڑی کو ضبط کر لیا،ملزم نے گاڑی ہمیں دے رکھی تھی،سگنل پر نیب نے گاڑی کو روکا اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور منشی کو بیچ سڑک اتار کر نیب اہلکار گاڑی لے گئے،استدعا ہے کہ گاڑی سپرداری پر واپس فراہم کروائی جائے،اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے سپرداری کی مخالفت کرتے ہوئے سیزر میمو عدالت میں پیش کیااور کہاکہ گاڑی ملزم سیف الرحمن نیازی کہ ملکیت ہے،گاڑی عوام سے لوٹے گئے پیسے سے خریدی گئی اورگاڑی سیزر میمو کے تحت سیز کی گئی،سپرداری پر دینے سے عوام کا نقصان ہو گا، عدالت نے سماعت5اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔