آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے وفاقی حکومت بنائے گی، فواد چوہدری

September 25, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بکھر گئی ہیں، ان کے پاس تو ٹکٹ لینے کے لیے بھی لوگ نہیں۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس مرتبہ حکومت بنانے کے لیے اتحادیوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کی ضرورت پیش آئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگلے انتخابات میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی بکھر جائے گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ٹکٹ لینے والے لوگ نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول نے جنوبی پنجاب کے دورے میں لوگوں کو 5 کروڑ روپے کی پیش کش کی کہ وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں، پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں مریم نواز اور شہباز شریف میں قیادت کے لیے ہفتہ وار ٹاس ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2023 کا الیکشن ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا آخری الیکشن ہوگا، 2023 کے الیکشن کے بعد دونوں جماعتیں آگے الیکشن بھی نہیں لڑ پائیں گی۔