سندھ میں کورونا سے 8 اموات، مزید 555 کیسز رپورٹ

September 25, 2021

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 555 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس وبا کا شکار ہوکر 8 افراد انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے یومیہ بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13071 نمونوں کی جانچ کی گئی، جس میں 555 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اس وبا کے باعث 24 گھنٹوں میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 7335 ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں آج مزید 809 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد یہاں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 425620 ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اب تک 5952479 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے، اور اب تک 454307 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت کورونا وائرس کے 20352 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 19782 گھروں میں، 30 آئسولیشن سینٹرز میں اور 540 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 488 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ 40 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کے 555 نئے کیسز میں سے 127 کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں سے ضلع کورنگی 37، ضلع جنوبی 27، ضلع شرقی 26، ملیر 21 ، وسطی 11 اور ضلع غربی سے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ کے دیگر اضلاع کی صورتحال بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد 92، سانگھڑ 29، بدین 27، مٹیاری 26، ٹنڈو الہیار 22، میرپورخاص 21، جامشورو 20، سجاول 20، دادو19، ٹھٹھہ 19، تھرپارکر 18، سکھر 18، عمرکوٹ 15، نوشہروفیروز 14، ٹنڈو محمد خان 12، جیکب آباد 12، شکارپور 10، گھوٹکی 10، لاڑکانہ 8، خیرپور 2، شہید بینظیرآباد سے 1 کیس رپورٹ ہوا۔